Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی اداروں کو دھمکیاں؛ سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا

گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو 34 سال قید کی سزا سنادی۔

سیکیورٹی اداروں کو دھمکی دینے اور مقدمہ سے راہ فرار اختیار کرنے پر انسداد دہشتگری عدالت گلگت کے جج رحمت شاہ نے مختلف دفعات کے تحت سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو سزا سنائی ہے۔

26 جولائی 2024 کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اتحاد چوک گلگت میں ایک جلسے کے دوران سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام کو سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی جس کا مقدمہ سٹی تھانہ گلگت میں درج کیا گیا تھا۔

اس دوران انسداد دہشتگری کی عدالت گلگت میں خالد خورشید کے خلاف مقدمہ کی کارروائی جاری رہی، دوران کارروائی سابق وزیر اعلیٰ روپوش رہے۔

عدالت کی کارروائی مکمل ہونے پر آج بروز منگل انسداد دہشتگری گلگت بلتستان کی عدالت کے جج رحمت شاہ نے سابق وزیراعلی گلگت بلتستان کو مجموعی طور پر 34 سال قید اور 6 لاکھ کا جرمانے کی سزا سنائی۔

آئی جی پولیس کو حکم دیا ہے کہ مجرم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا جائے اور ڈی جی نادرا کو حکم دیا ہے کہ مجرم کا قومی شناختی کارڈ بلاک کیا جائے۔

متعلقہ خبریں