وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ساتویں زراعت شماری کا افتتاح کردیا ہے۔
احسن اقبال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئےسال میں ہم پاکستان کے ترقی کے سفر کا آغاز کررہے ہیں، یہ سفر اڑان پاکستان کا سفر ہے، ہم نے پاکستان کو نئی بلندیوں پر پہنچانا اور مسائل سے نجات دلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ نے جو وسائل پاکستان کو دیئے ہیں ان کے استعمال سے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں گے، بانی پاکستان نے سات سالوں میں بےسرو سامانی کے عالم میں ملک حاصل کیا، 194 میں ہمارے پاس کچھ نہیں تھا آج ہمارے پاس سب کچھ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی ترقی کیلئے بغیر کسی لالچ کے کام کرنا ہے جیسے ہمارے بزرگوں نے کیا ہے، ہمارے بزرگوں نے محنت اس لئے کی ان کی آنے والی نسلیں آزاد فضاؤں میں رہ سکیں، آنے والی نسلیں خودداری کے ساتھ رہ سکیں اور کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلائیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہم دیانت، صداقت اور محنت کے ساتھ کام کریں گے تو ملک ترقی کرے گا، ہم نے ماضی میں کئی مواقع ضائع کئے ہیں، ہم اس ملک میں فساد، انتشار اور رسہ کشی کی سیاست میں الجھے رہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ ویژن 2010 اور ویژن 2025 ادھورا رہ گیا تھا، اب اڑان پاکستان کے سفر کو منطقی انجام تک پہنچ جائیں گے، پاکستان کو 2035 تک 1 ٹریلین کی معیشت بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں زراعت کی پیداوار اور پیداواریت کو بھی بڑھانا ہے، جدید زراعت کو بروئے کار لا کر زرعی شعبے کو بہتر کرنا ہوگا۔



















