وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ریونیو موبلائزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے مختلف شعبوں میں اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے کی گئی پیش رفت، میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانے اور پائیدار جامع ترقی کیلئے سازگار ماحول پر تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں ریونیو موبلائزیشن، تجارت، سرمایہ کاری ماحول میکرو اکنامک گورننس پر غور کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے ریمٹ پروگرام کی مجموعی پیش رفت کو سراہا اور شراکت داروں کے درمیان فعال اور مربوط روابط کے فروغ پر زور دیا۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ کی جانب سے پروگرام کے مقاصد کی تکمیل کیلئے منیجمنٹ، پیش رفت کی نگرانی کیلئے ذاتی وابستگی اور مانیٹرنگ ٹولز کے موثر استعمال پر بھی زور دیا گیا۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ وزیر خزانہ نے ریونیو موبلائزیشن کے پروگرام کو ٹریک پر رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ اجلاس میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سمیت عالمی بینک کے نمائندے اور اعلی حکام نے شرکت کی۔



















