Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیرمستقل رکن کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر 2 سالہ مدت کا آغاز کرتے ہوئے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کے غیر مستقل ارکان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کی تقریب کا انعقاد ہوا۔

پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے غیر مستقل ارکان کے پرچم رکھنے کی تقریب میں شرکت کی اور پھر سلامتی کونسل میں پاکستان کا پرچم لگایا گیا جبکہ اس دوران دیگر غیرمستقل ارکان ڈنمارک، یونان، پاناما اور صومالیہ کے پرچم بھی لگائے گئے۔

اس کے بعد اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں پاکستان کی غیر مستقل رکن کے طور پر 2 سالہ مدت کا آغاز ہوگیا، تاہم پاکستان آٹھویں بار سلامتی کونسل کا غیرمستقل رکن منتخب ہوا ہے۔

پاکستانی متبادل مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یواین چارٹر کے مقاصد اور اصولوں پر کاربند رہے گا، ، ہماری کامیابی یواین چارٹر، سلامتی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد میں ہے۔

انکا کہنا تھا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں فعال کردار ادا کریں گے، پاکستان مقبوضہ اور مظلوم اقوام کے حق خودارادیت کیلئے آواز اٹھاتا رہے گا۔

عاصم افتخار احمد نے مزید کہا کہ تنازعات کے حل کیلئے سفارتکاری کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے، کثیرالجہتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون پر یقین رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال جون میں پاکستان کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 193 رکن ممالک میں سے 182 کے ووٹ ملے تھے۔

متعلقہ خبریں