صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لوئر کرم کے علاقے بگان میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر پاکستان کی مذمت
آصف علی زرداری نے لوئر کرم میں گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ شرپسند عناصر عوام کے دشمن، فساد پھیلانا چاہتے ہیں، عوام شرپسند عناصر کو مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہونے دے۔
صدر مملکت نے ڈپٹی کمشنر سمیت فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
وزیراعظم کی شدید مذمت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لوئر کرم کے علاقے بگان میں سرکاری گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود سمیت زخمیوں کے لیے صحتیابی کی دعا کی۔
ان کا کہنا تھا کہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے، امن و امان میں خلل ڈالنے والوں اور انسانیت کے دشمنوں کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خلاف سرگرمِ عمل ہے۔
واضح رہے کہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔
زخمی ڈپٹی کمشنر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم ذرائع کا بتانا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔



















