لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاروں کو اسپیشل پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور کی ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی گفتگو کی گئی اور اس دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انفرا اسٹرکچر، صحت، تعلیم اور مذہبی سیاحت کے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے ہمیشہ برادرانہ تعاون کو سراہا اور کہا کہ سعودی عرب بڑا بھائی ہے، دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے، سعودی سرمایہ کاروں کو اسپیشل پیکج کے تحت مراعات دی جائیں گی۔
دوسری جانب شہزادہ منصور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔



















