Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شہید اعتزاز حسن کی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے، وزیراعظم

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہید اعتزاز حسن کی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہید اعتزاز کی برسی کے موقع پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے پاک مٹی کے فرزند شہید اعتزاز حسن کی شہادت کو یاد کرکے افسردہ ہیں جن کی غیر معمولی جرات ہمارے لئے امید کی کرن ہے۔

انہوں نے کہا کہ صرف 15 سال کی عمر میں، اعتزاز نے بے مثال بہادری کا مظاہرہ کیا، اپنے اسکول اور ہم جماعتوں کو دہشت گرد حملے سے بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔

ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز کا بے لوث اور غیر متزلزل عزم ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمت اور بہادری کا ایک عمل کئی زندگیوں بچا سکتا ہے، اعتزاز کی میراث آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

واضح رہے کہ اپنی جان دے کر سیکڑوں جانیں بچانے والے قومی ہیرو شہید اعتزاز حسن کی 11 ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔

6 جنوری 2014 کو شہید طالب علم اعتزاز حسن نے ہنگو میں گورنمنٹ ہائی اسکول ابراہیم زئی پر خود کش حملے کو ناکام بناکر سیکڑوں طلبا کی جانیں بچائیں، پندرہ سال کی عمر میں ملک دشمنوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر جام شہادت نوش کیا۔

اساتذہ اور دوست آج بھی اعتزاز حسن کی بہادری کو یاد کرتے ہیں اور قومی ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جان کی پرواہ نہ کرنے والے طالب علم کو حکومت کی جانب سے ستارہ شجاعت سے بھی نوازا گیا۔

ہنگو کے علاقہ ابراہیم زئی میں خودکش بمبار نے اسکول میں خودکش حملہ کرنا چاہا لیکن اسکول کے طالب علم اعتزاز حسن کو اس کے مذموم ارادے کی بھنک پڑی اور جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے جکڑ لیا۔

جام شہادت نوش کرنے والے اعتزاز حسن نے اسکول میں پڑھنے والے دو ہزار طالب علموں کی جان بچائی تھی اور شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں