کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لئے موجودہ حکومت پرعزم ہے۔
گورنر کامران ٹیسوری سے ضلع کرم کے عمائدین کے 18 رکنی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں کرم کے عمائدین نے گورنر سندھ کا ادویات اور غذائی اشیاء کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں نفرت کے خاتمہ امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
اس دوران کامران ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کرم کے مسائل کے حل کے لئے موجودہ حکومت پرعزم ہے، کرم کے متاثرہ علاقوں میں کروڑوں روپے کی ادویات و امدادی سامان بھیج چکے ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید امدادی سامان بھی روانہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرم کے مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، باہمی اتحاد سے بیرونی سازش ناکام بنائی جاسکتی ہے۔



















