وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے پاکستانی امریکی پروفیسر مدثر وائیں کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس اور پلاننگ کمیشن کے ممبر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے شرکت کی۔
مدثر وائیں کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی ہیں اور کوالٹی اشورنس میں امریکی بورڈ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے تسلیم شدہ ہیں۔
مدثر وائیں کیلیفورنیا میں کوالٹی اشورنس کے ماہر ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی اڑان پاکستان پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملکی ترقی میں شراکت کو سراہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہترین 10 یونیورسٹیوں کا پریمئر لیگ گروپ بنا کر دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ 2023 میں ایچ ای سی اور برٹش کونسل کے تعاون سے پاکستانی یونیورسٹیوں کے لیے کوالٹی اشورنس فریم ورک تیار کیا گیا، اعلیٰ تعلیم کے معیار کو پرکھنے اور بہتر بنانے کے لیے یہ فریم ورک مثالی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ فریم ورک پاکستانی تعلیمی نظام کی منفرد ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، فریم ورک پر مؤثر عمل درآمد کی فوری ضرورت ہے۔



















