وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولتیں میسر ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور راناثنااللہ نے نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے اردگرد کے لوگوں سے توقع نہیں رکھی جاسکتی، بانی پی ٹی آئی سے منسلک لوگ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل مینوئل کے مطابق تمام سہولتیں میسر ہیں، بانی کی جیل میں سہولتوں کی عدم دستیابی کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، تاثر دیا جارہا ہے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے بہت ظلم ہورہا ہے۔
راناثنااللہ نے کہا کہ علیمہ خان نے ان کے سوشل میڈیا آپریٹر سے گفتگو کی ہے، علیمہ خان نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کسی قسم کی سہولت کی بات نہیں کرنی چاہیے، اس سے پی ٹی آئی کا بیانیہ متاثر ہوتا ہے، یہ پراپیگنڈہ اس لیے کیا جارہا ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی پر بڑا ظلم ہوا ہے، اندرونی لڑائی اس وقت پی ٹی آئی کے اندر ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نے کہا کہ جس جماعت میں اس قسم کی گھٹیا لڑائی ہورہی ہو ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے، بانی پی ٹی آئی کا اداروں اور ریاست کے حوالے سے جو موقف ہے وہ سب کے سامنے ہے، پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے 2 سال پہلے ننکانہ صاحب کے واقعے کو چوبیس نومبر کا واقعہ بتایا، فلسطین میں ہونیوالے مظالم کو ڈی چوک میں ہونیوالے واقعات بناکر پیش کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آج تک کوئی ایک بندہ سامنے نہیں آیا جس نے کہا ہو وہ ڈی چوک میں تھا اور اسے کوئی نقصان ہوا ہے، انہوں نے کسی تھانے میں درخواست نہیں دی کہ ان کیساتھ یہ ہوا ہے، چاہے ان کی درخواست پر کوئی کارروائی نا ہوتی لیکن انہیں درخواست تو دینا تھی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہورہے ہیں، امید ہے آنیوالے دنوں میں پاکستان مظبوط معاشی ملک بن کر ابھرے گا، پی ٹی آئی چاہتی ہے ملک میں سیاسی استحکام نا آسکے۔



















