اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد سے یورپ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کردیا اور کہا کہ یہ لمحہ باعث مسرت اور ہم سے کے لیے باعث اطمینان ہے۔
خواجہ آصف نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج والی فلائٹ سو فیصد بک ہے، آئندہ آنے والے دنوں میں بھی ایسا ہی ہوگا، ہم میڈیا کے ذریعے قوم کو اس ضمن میں آگاہ رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 مہینے سے یہ قلمدان میرے پاس ہے، انتھک محنت کی ہے، خواجہ سعد رفیق نے بھی اس میں بے پناہ محنت کی میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، پی آئی اے، سول ایوی ایشن اور وزارت ایوی ایشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سب کے باہمی تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعظم کا خاص طور پر مشکور ہوں، انہوں نے خاص طور پر اس پر پہرا دیا کہ پی آئی اے کی فلائٹ یورپ کے لیے بحال ہو۔
انکا کہنا تھا کہ انشاء اللہ پی آئی اے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی، پاکستان کی ایئرلائن پر قوم کو دوبارا فخر ہوگا، ہمارے ہاں جزا و سزا کا قانون نہیں ہے، جن لوگوں نے جرم کیا ان کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، پی آئی اے دنیا کی بہترین ایئرلائنز میں سے ایک تھی، اس نے کئی ممالک کی ایئرلائنز کو ٹرین کیا، آج حکومت کے لیے بھی خوشی کا دن ہے، پورے یورپ کے لیے اب پی آئی اے آپریٹ کرے گی، یورپ میں اوورسیز پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد ہے، انشاء اللہ جلد مختلف ایئرلائنز کے تعاون سے ہم ڈائریکٹ امریکی بھی جاسکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے مفت ڈیڈ باڈیز پاکستان لاتی تھی، اس سہولت کا دوبارا اجراء ہوگا، یہ ساری قوم کے لیے فخر کا دن ہے، سبز ہلالی پرچم یورپ کی فزاؤں میں لہرائے گا، پی آئی اے ہمارا قومی نشان ہے۔



















