Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سوشل میڈیا پر چکنی چپٹی باتیں کرنے والوں کے چہروں کو پہچانیں، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر چکنی چپٹی باتیں کرنے والوں کے چہروں کو پہچانیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے چیئرمین بیت المال پنجاب خواجہ محمد وسیم کے ہمراہ امید نوء پروگرام کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

صوبہ پنجاب کے سرکاری اسکولوں کے بچوں کو جرسیاں، موزے اور بند جوتے فراہم کرنے کی بابت تشکیل دئیے جانے والے پروگرام امید نوء کا گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری اسکول مانگیاں میں باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا کی جانب سے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور امید نوء پروگرام کے افتتاح کیلئے ضلع نارووال کا انتخاب کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ بیت المال کے اس تعلیم دوست منصوبے پر میں وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پروگرام آوٹ آف اسکول بچوں کو اسکول لانے میں اہم قدم ثابت ہوگا، وزیر اعظم کی قیادت میں ہم نے تعلیم کی ترقی کیلئے آڑان پاکستان پروگرام کی ابتداء بھی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ابھی تک ترقی کی راہ بھی کشمکش کا شکار ہے، جس نے پاکستان کی ترقی کیلئے کام کیا اسکی ٹانگیں کھینچی گئیں، نواز شریف کی وضح کردہ تعلیمی پالیسیوں کو ہندوستان نے اپنے ملک میں نافذ کرکے اسکا پھل حاصل کیا، مٹی میں بیج ڈال کر اس کے اگنے کا انتظار کیا جاتا ہے مگر پاکستان میں ترقی کے جو بیج بوئے گئے ان کے اگنے سے پہلے ہی زمین میں حل چلا کر تمام تر منصوبوں کو خاک میں ملا دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے دھرنوں اور گالی گلوچ کی سیاست میں الجنا ہے یا امن کی راہ اختیار کرنی ہے، آج اگر ہم پاکستان میں امن قائم کردیں تو بلاشبہ ہم ترقی کی راہ ہر گامزن ہوں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ میں کیماڑی کراچی  گیا تو لوگوں نے ترقی کے نارووال کے جسیے ماڈل مانگ کی، آپ نے مسلسل ہمیں ووٹ دے کر پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا اسی وجہ سے نارووال تبدیل ہوا، اگر پاکستان میں بھی اسی طرح پالیسیوں کا تسلسل ہو تو پاکستان بھی ضرور ترقی کرے گا، اگر ہم اگلے 5 سال اڑان پاکستان پر عمل کریں گے تو اس ملک میں ترقی کے ایسے پھول کھلیں گے کہ جسکی دنیا میں مثال دی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں غربت ختم کرنے کا سب سے موثر ہتھیار تعلیم ہے، غریب کے بچوں کو تعلیم دے دیں تو وہ ضرور ترقی کرجائیں گے، آج ہم نے نارووال میں تعلیم کی تمام تر سہولیات مہیا کی ہیں، نارووال کے کسی بچی اور بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 300 ایکڑ پر صنعتی زون بنانے جارہے ہیں، ہماری حکومت ملک میں ترقی کے نئے سے نئے منصوبے لگا رہی ہے، آج جو شخص جیل میں ہے اس نے مجھے صرف اس بنیاد پر جیل بھیجا کہ میں نے نارووال میں اسپورٹس کا اتنا بڑا منصوبہ کیوں شروع کیا ہے، یہ قدرت کا انتقام ہے آج وہ شخص بھی اسی جیل کے اسی سیل میں قید ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جھوٹے مقدمات کا بہادری سے مقابلہ کیا مگر ہم نے چیکھیں نہیں ماریں، سوشل میڈیا پر چکنی چپٹی باتیں کرنے والوں کے چہروں کو پہچانیں، اپنے 4 سالوں میں پی۔ٹی۔آئی گورنمنٹ نے ترقی کے ایک منصوبے کا افتتاح نہیں کیا، ترقی کے منصوبے جو حکومت شروع کرتی ہے وہ مسلم لیگ۔ن۔ کی حکومت ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ میں خواجہ وسیم بٹ اور انکی ٹیم کو یہ منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

متعلقہ خبریں