Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس

وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں ڈیجیٹائز یشن اور اصلاحات کے حوالے سے گزشتہ مہینوں میں اہم پیشرفت ہوئیں ہیں

انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسٹم نظام میں کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی نظام متعارف کروایا گیا ہے جو کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔

 فیس لیس کسٹم اسیسمینٹ سسٹم میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے وزیراعظم نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور ایف بی آر کو مل کر کام کرنے کی ہدایت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ انسانی مداخلت کو کم سے کم کر کے، نظام کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر منتقل کیا جائے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فیس لیس اسسمنٹ نظام کو کراچی کے بعد دوسرے شہروں میں بھی جلد از جلد لاگو کیا جائے، تاکہ ملک بھر میں ہونے والی تمام درآمدات اس نظام سے مستفید ہو سکیں۔

وزیراعظم نے مزید صنعتی شعبوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دی۔

اجلاس  کو ایف بی آر کی حالیہ اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ کراچی بندرگاہ کے تمام ٹرمینلز پر کسٹم کا فیس لیس نظام فروری 2025 کے اختتام تک مکمل فعال ہو جائے گا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ جلد ہی یہ نظام پورے ملک میں فعال ہو جائے گا جس کے لیے تیزی سے کام جاری ہے، فیس لیس کسٹم نظام کی نگرانی کے حوالے سے مرکزی کنٹرول روم قائم کیا جا رہا ہے۔

انسپکشن کے نتائج کے اندراج کے سسٹم میں مزید شفاف بنانے کے حوالے سے باڈی کیمراز اور ٹیبلیٹس کا استعمال یقینی بنایا جائے گا اور تمام ٹرمینلز پر موبائل فون سگنلز جیمرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں تاکہ انسپکشن کے نظام کو مزید شفاف بنایا جا سکے۔

ایف بی آر نے بریفنگ میں بتایا کہ کسٹم کے نئے نظام کے لئے شفاف بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے، ٹوبیکو ، فرٹیلائزرز ، شوگر اور سیمنٹ انڈسٹری کے تمام صنعتی یونٹس میں ٹریک اینڈ ٹریس کا نظام نافذ ہو چکا۔

ایف بی آر کے مطابق اسی طرح ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ سے 2023-2024 میں پچھلے مالی سال کی نسبت ٹوبیکو, شوگر, سیمنٹ اور فرٹیلائزرز انڈسٹری سے حاصل کی جانے والے محصولات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے مکمل نفاذ سے اس سال تمام ان تمام انڈسٹریز سے حاصل ہونے والی محصولات میں مزید بہتری متوقع ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ویب بیسڈ ون کسٹمز کی اپ گریڈیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کا ڈیزائن مارچ کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

متعلقہ خبریں