Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ضلع کچھی میں کامیاب آپریشن، صدر، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت نے 27 دہشت گردوں کے ہلاک ہونے پر فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر افواج ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر وقت سرگرم عمل ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا خاتمہ سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف ان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فورسز نے 27 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور صلاحیتوں پر فخر ہے اور دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا کر فورسز نے ملک کے امن کو یقینی بنایا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مزید کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں