Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے جاپانی سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی اصلاحات، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا اور نجکاری سمیت مختلف شعبوں میں اہم اصلاحات سے متعلق گفتگو بھی کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے جاپانی سفیر کو اسلام آباد میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خیرمقدم کیا اور پاکستان کے ساتھ جاپان کی دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کے میکرو اکنامک استحکام میں مثبت پیشرفت، ٹیکسیشن، خصوصی اقتصادی زونز اور توانائی شعبے میں جاری اصلاحات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، آبادی میں اضافے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات جیسے مسائل پر توجہ مرکوز ہے۔

بعدازاں اس موقع پر عالمی بینک کے ساتھ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

متعلقہ خبریں