مراکش کے قریب کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعے پر دفتر خارجہ نے فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ رباط میں پاکستانی سفارت خانہ مقامی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کشتی میں 80 مسافر سوار تھے، جن میں متعدد پاکستانی بھی شامل تھے۔ یہ کشتی موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی اور مراکش کی بندرگاہ دخلہ کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
پاکستانیوں سمیت زندہ بچ جانے والے مسافروں کو دخلہ کے قریب قائم ایک کیمپ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ رباط میں پاکستانی سفارت خانے کی ایک ٹیم متاثرہ پاکستانی شہریوں کو ضروری معاونت اور مدد فراہم کرنے کے لیے روانہ کر دی گئی ہے، جبکہ وزارت خارجہ میں کرائسز مینجمنٹ یونٹ بھی فعال کر دیا گیا ہے تاکہ تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی ہدایت پر متعلقہ حکومتی ادارے متاثرہ پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے دفتر خارجہ نے کرائسس مینجمنٹ یونٹ اور رباط میں فوکل پرسنز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ میں کرائسز رسپانس سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا اور پاکستانی شہری کسی بھی قسم کی مدد کے لیے اس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید تفصیلات اور معاونت کے لیے دفتر خارجہ کی جاری کردہ ہیلپ لائنز اور رابطہ نمبرز سے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔



















