وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹریکنگ کے نظام میں بہتری سے اسمگلنگ میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان کو ٹرانزٹ تجارت کا مرکز بنانے اور گارگو کی ٹریکنگ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
محمد شہباز شریف نے کراچی اور تجارت کے دیگر بڑے مراکز پر عالمی معیار کے کارگو اسکیننگ کا نظام قائم کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز سے ٹریکنگ، ٹریسنگ اور اسکیننگ کے متروک نظام ختم کر کے جدید ٹیکنالوجی کے حامل نظام کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کارگو ٹریکنگ کی خدمات مہیا کرنے والے اداروں کی معیار کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن یقینی بنائی جائے، ٹریکنگ کے نظام میں بہتری سے اسمگلنگ میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسمگلنگ روکنے کی بدولت اس سال افغانستان کو 211 ملین ڈالر کی چینی کی برآمد ممکن ہوئی، مواصلات کے مربوط نظام اور کارگو کی بہتر ٹریکنگ سے پاکستان علاقے کے دیگر ممالک کیلئے راہداری تجارت کا مرکز بنے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، چیئرمین ایف بی آر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔



















