کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے لاپتہ بچے صارم کی لاش مل گئی ہے۔
بچے کی لاش گھر کے قریب زیرِ زمین پانی کے ٹینک سے برآمد ہوئی، 7 سالہ صارم 11 روز قبل پُراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، پولیس اور اہلخانہ اسکی بازیابی کے لئے کوششیں کررہے تھے۔
ننھے صارم کی لاش زیرِ زمین ٹینک سے نکال لی گئی ہے، واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا۔
بچے کی لاش دیکھ کر والدہ شدت غم سے نڈھال ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچہ حادثاتی طور پر ٹینک میں گِرا یا کسی نے گرایا اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
نارتھ کراچی سے ملنے والی 7 سالہ صارم کی لاش عباسی اسپتال منتقل کر دی گئی۔
اہلِ محلہ کا بیان
اہلِ محلہ کا کہنا ہے کہ پانی کے ٹینک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دو بار چیک کیا تھا، عین ممکن ہو جب پانی کے ٹینک کو چیک کیا گیا ہو اس ٹائم پر بچے کی لاش نیچے ہی موجود ہو، وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ باڈی پانی کے اوپر آئی ہوگی، بظاہر بچے کے ساتھ کوئی زیادتی نظر نہیں آرہی، بچہ جیسے کپڑے پہنے ہوا تھا ویسے ہی پانی کے ٹینک سے مردہ حالت میں برآمد ہوا ہے۔
بچے صارم کی لاش کو پولیس کارروائی کے بعد عباسی اسپتال روانہ کر دیا گیا، ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل انیل حیدر عباسی اسپتال پہنچ گئے۔
ایس ایس پی اے وی سی سی نے عباسی اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے کی لاش زیر زمین پانی کے ڈینک سے ملی، بچہ گیارہ روز قبل پُراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، آج اپارٹمنٹ میں موجود زیرِ زمین ٹینک کی صفائی کے دوران لاش برآمد ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ لاش ملنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں، بچے کو قتل کرنے کے بعد ٹینک میں پینکا گیا ہے یا یہ حادثہ ہے اس کی تحقیقات جاری ہیں، ڈاکٹر کے معائنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اس حقائق تک پہنچیں گے۔



















