اسلام آباد: دفتر خارجہ نے مراکش کے قریب کشتی حادثے میں 21 پاکستانیوں کے زندہ بچ جانے کی تصدیق کر دی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رباط میں پاکستانی سفارت خانے کو فوری طور پر شہریوں کی مدد کے لیے متحرک کر دیا گیا جبکہ پاکستانی سفارت خانے نے خوراک، پانی، ادویات اور ملبوسات کا فوری بندوبست کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مراکش کی بندرگاہ دخلہ کے مقامی حکام پاکستانی شہریوں کو پناہ اور طبی امداد فراہم کر رہے ہیں، مراکش میں پاکستانی سفارت خانے کی قونصلر ٹیم دخلہ میں موجود ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے سفارت خانے کی قونصلر ٹیم ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہی ہے، حکومت پاکستان متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر پاکستانی شہریوں کو امداد فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان متعلقہ حکام کے ساتھ پاکستانی شہریوں کی واپسی کا طریقہ کار بھی طے کر رہی ہے، پاکستان بیرون ملک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔



















