وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حج 2025 کی تیاری میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں انہوں نے حج 2025 میں معاونینِ حج کے انتخاب کے طریقہ کار، ان کی ذمہ داریاں اور دیگر انتظامات پر تفصیلی بریفنگ طلب کرلی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، چوہدری سالک حسین اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو حج فنڈ پر پیشرفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس پر کام حتمی مراحل میں ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی حجاج کرام کو سمز کی فراہمی پاکستان سے کی جائے گی اور حجاج کی معاونت کیلئے حج موبائل ایپلیکیشن بھی فعال ہے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو حج 2025 کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حج 2025 میں حجاج کرام کو ہر قسم کی معاونت و سہولت یقینی بنائی جائے، حج 2025 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک جامع بریفنگ تیار کرکے آئندہ چند روز میں پیش کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حجاج کرام کو حج 2025 کے حوالے سے تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیرِ اعظم نے حج ڈیوٹی پر اچھی شہرت کے قابلِ افسران تعینات کرنے کی ہدایت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہیں، حکومت کی جانب سے انکی خدمت و معاونت میں کسی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں کرونگا، حجاج کرام کی رہائش، سفری و دیگر سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے۔
محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ حجاج کرام کیلئے معاونین کے انتخاب کے طریقہ کار میں شفافیت اور میرٹ کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔



















