وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ بھارت اور اسرائیل سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ ہوئی۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے صحافیوں کے لیے کام کیا، پیپلز پارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا گیا، تنقید کا نشانہ بنایا گیا، پیپلز پارٹی کا تشخص خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، آزادی صحافت کا مقصد صرف جمہوری جماعت سمجھ سکتی ہے، پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے لیے ہمیشہ بہترین کام کیا، پیپلز پارٹی سب سے زیادہ تنقید برداشت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی کسی سے دشمنی نہیں کی، سندھ کے اسپتالوں میں صحافیوں کو کسی سفارش کی ضرورت نہیں، آزادی اظہار کے بغیرکوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، سندھ میں بہترین اسپتال قائم ہیں، کوئی چیلنج نہیں کرسکتا، سندھ کے اسپتالوں میں 100 فیصد میرٹ پر کام ہوتا ہے، مریض کے لیے سب سے ضروری اسپتال ہوتا ہے، موٹر وے نہیں، جان سے بڑھ کر دنیا میں کوئی چیز نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی بیمار ہوتا ہے تو اسے پتہ ہوتا ہے موٹر وے اہم یا اسپتال، صحت کا شعبہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت سندھ نے صحت کے شعبے میں جتنا کام کیا کسی صوبے نے نہیں کیا، حکومت نے صحافیوں کے ہیلتھ کارڈ بنائے تو بندر بانٹ شروع ہوجائے گی، سندھ کابینہ کی منظوری سے مزیدای وی بسیں آرہی ہیں، چاہتے ہیں صحافی میکانزم بنائیں جس کے تحت ہیلتھ انشورنس دیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حیدرآباد کے لیے بھی بی آرٹی کا منصوبہ زیرِ غور ہے، ہم سب نے مل کر پاکستان کو مضبوط بنانا ہے، زراعت، لائیو اسٹاک پر توجہ دے کر برآمدات کو دگنا کیا جاسکتا ہے، حیدرآباد، سکھر، شاہراہ خستہ حالی کا شکار ہے، حیدرآباد سکھر موٹر وے بنانا وفاق کی ذمےداری ہے، وفاقی حکومت حیدرآباد سکھر موٹروے پر فوری کام شروع کرائے، حیدرآباد سکھر موٹروے صوبائی حکومت کا منصوبہ ہوتا تو مکمل ہوچکا ہوتا۔
وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے دیگر صوبوں کی طرح یہاں بھی موٹروے بنائے، وزیراعظم کو چاہیے وہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائیں، وفاق باقی منصوبے روک کر اس پراجیکٹ کو ترجیح دے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور کی تحقیقات تک نہیں ہونے دی گئیں، اتنے ایماندار تھے تو سپریم کورٹ سے معاملے پر کیوں حکم امتناع لیا؟ بھارت اور اسرائیل سے پی ٹی آئی کو فنڈنگ ہوئی، اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں تلاشی نہیں دی، بانی پی ٹی آئی نے 25 اکاؤنٹس بھی چھپائے۔



















