آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کثیر الملکی جنگی مشقوں سپیئرز آف وکٹری 2025 میں حصہ لینے پاک فضائیہ کا دستہ سعودی عرب پہنچ گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فضائیہ کا دستہ جدید ترین جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری فائٹر جیٹس پر مشتمل ہے، پاک فضائیہ کے دستے نے سعودی عرب کی شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر لینڈ کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سپیئرز آف وکٹری میں شرکت کے لیے پاک فضائیہ کے طیاروں نے ہوم بیس سے سعودی عرب تک بغیر رکے پرواز کی، پاک فضائیہ کے طیاروں نے دوران پرواز ایر ٹو ایر ری فیولنگ کا بھی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری طیاروں کی سعودی عرب تک نان اسٹاپ پرواز پاک فضائیہ کی لانگ رینج ڈپلائمنٹ صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہے، پاک فضائیہ کے پائلٹس AESA یڈار اور بی وی آر ار میزائلوں سے لیس جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری کے ساتھ شریک ہوں گے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر بلاک تھری دیگر جدید لڑاکا طیاروں کے مد مقابل آئیں گے، سپیئرز آف وکٹری 202 میں سعودی عرب، پاکستان، بحرین اور فرانس شامل ہیں، یونان، قطر، یو اے ای، امریکہ اور برطانیہ کے جدید لڑاکا طیارے اور کمبیٹ سپورٹ ایلیمنٹس بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی شاہی فضائیہ پانچویں بار سپیئرز آف وکٹری کی میزبانی کر رہی ہے، سپئیرز آف وکٹری تکنیکی ترقی، فضائی طاقت کے پیچیدہ اطلاق، اور مشترکہ فضائی دفاعی چیلنجز کے پس منظر میں تعاون کو مضبوط کرنے کا شاندار موقع فراہم کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاک فضائیہ کے دستے کی شرکت علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کو اجاگر کرتی ہے، پاک فضائیہ کی سپئیرز آف وکٹری میں شرکت مختلف اور چیلنجنگ ماحول میں جدید فضائی افواج کے ساتھ کام کرنے کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو بھی نمایاں کرتی ہے۔



















