مراکش کشتی حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی حتمی تعداد کی تصدیق کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مراکش کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی حتمی تعداد کی تصدیق تاحال ممکن نہیں ہوسکی ہے جب کہ لاشوں کی شناخت کے لیے نادرا کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ شناخت ہونے کے بعد لاشوں کی پاکستان منتقلی کا عمل شروع کیا جائے گا، مراکش کے حکام نے جاں بحق ہونے والے ممکنہ پاکستانیوں کی لاشوں کے بارے میں آگاہ کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ جو لاشیں ملی ہیں اِس وقت ان کی تعداد اس لیے نہیں بتائی جارہی کیونکہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق ان کی تصدیق ہونا ضروری ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ کچھ لاشیں ناقابل شناخت تو ہیں لیکن دستاویز نہ ہونے کی وجہ سے شناخت نہیں ہو پارہی جب کہ آن لائن پورٹل کے ذریعے فنگر پرنٹ اور تصاویر نادرا کو بھجوائی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ میتوں کی پاکستان منتقلی کے بعد ان کے تشدد میں ہلاک ہونے کے معاملے پر متعلقہ ممالک سے رابطہ کیا جائے گا، تشدد میں موریطانیہ کے علاوہ دیگر ممالک کے شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔



















