Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے پاس امریکہ پالیسی میں تبدیلی کی کوئی اطلاع نہیں، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس امریکہ پالیسی میں تبدیلی کی کوئی اطلاع نہیں۔

ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مراکش کے قریب گزشتہ ہفتے کشتی کا افسوسناک حادثہ ہوا، اب تک 22 پاکستانیوں کے زندہ بچ جانے کی تصدیق ہو چکی ہے، پاکستان بہترین تعاون اور اعانت کی فراہمی پر مراکش کا مشکور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایڈشنل خارجہ سیکریٹری افریقی ممالک کا دورہ کر رہے ہیں، پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سیاسی مشاورت کا دورہ کامیاب رہا، تاہم پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سیاسی مشاورت کا دور آج اسلام آباد میں ہو گا۔

شفقت علی نے کہا کہ پاکستان غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی کا خیرمقدم کرتا ہے، اسرائیل کو اس کے جنگی جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جایا، مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی حملہ قابل مذمت ہے، عالمی ادارے کی قراردادوں کی روشنی میں غزہ کی تعمیر نو کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان امریکہ میں نئی انتظامیہ کا خیرمقدم کرتا ہے، پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں، پاکستان امریکہ کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان افغان شہریوں کی امریکہ میں 2025 تک آباد کاری کے لئے ارینجمنٹ برقرار ہے، پاکستان افغان شہریوں کی امریکہ یا کسی تیسرے ملک میں آباد کاری کے عمل میں تیزی کا خواہاں ہے، امریکہ نے ستمبر 2025 تک افغان شہریوں کی آبادکاری کا وعدہ کر رکھا ہے، پاکستان کے پاس امریکہ پالیسی میں تبدیلی کی کوئی اطلاع نہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ہتھیاروں کا معاملہ کابل اور واشنگٹن کے درمیان ہے، صدر ٹرمپ کی طرف سے ہتھیار واپس لینے کے معاملے پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔

شفقت علی نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر غیر جانبدار ثالث کے فیصلے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی معاہدہ ہے، توقع ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ برکس میں شمولیت کے لئے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں، پاکستان برکس میں شمولیت کے لئے اپنی درخواست پر قائم ہے۔

پاکستان نے داعش کے حوالے سے افغانستان کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں داعش کی موجودگی یا حمایت کے الزامات محض پروپیگنڈا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں ماضی کی طرح پاکستانی سفیر نے ہی پاکستان کی نمائندگی کی، ون چائنہ پالیسی کی حمایت پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، پاکستان کی ون چائنہ پالیسی کی حمایت غیر متزلزل اور بلکل واضح ہے۔

شفقت علی نے کہا کہ وزیر داخلہ کی ٹرمپ حلف برداری میں شرکت پر ترجمان وزارت داخلہ سے بات کی جائے، امریکہ میں پاکستانی تارکین کا معاملہ دونوں ممالک میں ابھی تک زیر بحث نہیں آیا۔

ترجمان نے کہا کہ شام کے معاملے میں پاکستان کی پالیسی واضح ہے، پاکستان شام میں امن کی بحالی کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے، شامل مسلم دنیا کا اہم ملک ہے۔

انکا کہنا تھا کہ پاک بھارت تجارت پیچیدہ معاملہ ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کا معاملہ تکلیف دہ اور انسانی نوعیت کا ہے، پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ انسانی معاملات جلد حل کیے جائیں، پاکستان بھارت کے ساتھ قیدیوں کا معاملہ جلد حل کرنے کے لئے ہر طرح سے تیار ہے۔

شفقت علی نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر پر پاکستان کی واضح پوزیشن ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کی ہر کوشش کا خیر مقدم کرے گا۔

متعلقہ خبریں