Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ کے جہاز یمامہ کی سعودی عرب میں دو طرفہ مشق میں شرکت

جدہ: پاک بحریہ کے جہاز یمامہ نے جدہ کا دورہ کیا اور اس دوران دو طرفہ مشق میں شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (‏آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے نئے کمیشن شدہ جہاز یمامہ نے رومانیہ سے پاکستان کے لیے سفر میں سعودی عرب کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جدہ بندرگاہ آمد پر رائل سعودی نیول فورسز اور پاکستانی سفارت خانے کے اعلیٰ حکام نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر قیام کے دوران جہاز کے کمانڈنگ آفسر نے سعودی عرب کی قیادت سے ملاقاتیں کیں، پاک بحریہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے جہازوں نے دو طرفہ مشق میں حصہ لیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ مشق کا مقصد دونوں بحری افواج کے درمیان باہمی تعاون کو بہتر بنانے اور مشترکہ آپریشنز کی صلاحیت کو فروغ دینا تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ دونوں بحری افواج نے میری ٹائم سیکیورٹی اور علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے عزم کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پی این ایس یمامہ کے دورہ سعودی عرب سے دونوں بحری افواج کے درمیان موجود برادرانہ تعلقات اور دفاعی تعاون مزید مستحکم ہوں گے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ پی این ایس یمامہ دامن نیول شپ یارڈ رومانیہ میں تعمیر کیے جانے والے پاک بحریہ کے چار جہازوں میں سے آخری جہاز ہے۔

متعلقہ خبریں