وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ رہی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے میجر حمزہ اور سپاہی نعیم نے جامِ شہادت نوش کیا، سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی توقیر و تعظیم کرتے ہیں، پاک فوج کی لازوال قربانیاں عظیم داستانیں رقم کررہی ہیں، دہشت گردی کے خاتمے سے ہی ترقی و خوشحالی کا خواب پورا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا، پی ٹی آئی مذاکرات سے بھاگ رہی ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ 2018 میں دھاندلی پر بانی پی ٹی آئی نے ہاؤس کمیٹی بنانے کا اعلان کیا تھا، پی ٹی آئی نے 28 جنوری کی میٹنگ میں شرکت سے انکار کیا، کھلے دل کے ساتھ مذاکرات میں بیٹھیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہاؤس کمیٹی کے لیے تیار ہیں، ہاؤس کمیٹی 2014 کے دھرنے کا بھی احاطہ کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں ملک آگے چلے، ملک کسی انتشار سے مزید نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔



















