اسلام آباد: عوامی جمہوریہ چین کے پاکستان میں تعینات سفیر عزت مآب جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے چینی سفیر کو چینی سال نو کی مبارکباد دی اور نئے سال کی تقریبات میں چینی قیادت کے ساتھ ساتھ چین کے برادر عوام بشمول پاکستان میں مقیم تمام چینی شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوران ملاقات وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ نیا سال پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے لیے خوشحالی لائے گا۔
دوسری جانب چینی سفیر نے اس خوشی کے موقع پر چینی حکومت اور اس کے عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرنے پر وزیراعظم اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔



















