وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے کے ہر فرد کی شمولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عالمی ہفتہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی (یکم تا سات فروری 2025) کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر بین المذاہب ہم آہنگی کا ہفتہ منا رہے ہیں، یہ ہفتہ پوری دنیا میں متنوع مذہبی برادریوں کے مابین مکالمے، ہم آہنگی اور تعاون کو اجاگر کرنے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، جس کا تصور ہمارے بانی بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح نے تمام مذاہب کے لئے ایک محفوظ ملک کے طور پر دیا تھا، ہر شہری کے عقیدے، وقار اور مساوات کے آئینی حق پر ثابت قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دین اسلام جو انصاف، رحم اور تمام مخلوقات کے احترام کی لازوال تعلیمات پر مبنی ہے، ہمیں اس حوالے سے مثالی طرز عمل اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے والی پالیسیوں کے ذریعے ان اقدار کی پاسداری پر یقین رکھتے ہیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ نفرت کے بیج بونے والوں کو ہم بات چیت، خوف کی فضاء پھیلانے والوں کو ہمت، اور تقسیم کرنے والوں کو ہم اکٹھے ہونے کا جواب دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے ہر فرد کی شمولیت، رواداری اور باہمی احترام کے ماحول کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے، مذہبی رواداری کے سنہری اصولوں پر مبنی بین المذاہب ہم آہنگی پالیسی اور حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے جو نفرت انگیز گفتگو کو جڑ سے اکھاڑنے، ہر مندر و گرجہ گھر اور عبادت گاہ کی حفاظت میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ ابھی بھی اس حوالے سے چیلنجز موجود ہیں، انتہا پسندی اور تفرقہ انگیز بیان بازی ہمارے سماجی تانے بانے کے لیے خطرہ ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب دنیا کو عدم برداشت اور تقسیم کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا ہے، امن اور اتحاد کے لیے اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرنا ضروری ہے۔
محمد شہباز شریف نے کہا کہ اس موقع پر میں مذہبی اسکالرز، کمیونٹی رہنماؤں اور شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ معاشرے میں بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
وزیرِ اعظم کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے کہ یہ ہفتہ ہم سب کو اپنی زندگی میں باہمی برداشت و تعاون کی اقدار کو اپنانے کی ترغیب دے، جو تمام شہریوں کے پُرامن اور خوشحال مستقبل کو یقینی بنائے۔



















