پاکستانی سمندری حدود کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ جدید ترین جنگی بحری جہاز پی این ایس یمامہ کراچی بندرگاہ پہنچ گیا ہے، جس کی آمد پر ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر پاکستان فلِیٹ، ریئر ایڈمرل عبد المنیب تھے، جنہوں نے پاکستانی سمندری حدود میں جہاز کا استقبال کیا۔
پی این ایس یمامہ کو رومانیہ کے ڈیمن شپ یارڈ میں تیار کیا گیا اور دسمبر 2024 میں اس جہاز کو کمیشن کیا گیا۔ یہ جہاز کثیرالمقاصد، سبک رفتار، ٹرمینل ڈیفنس سسٹم، الیکٹرانک وارفیئر، اینٹی شپ اور اینٹی ایئر وارفیئر کی خصوصیات سے لیس ہے، جو اسے سمندر میں ہر قسم کی صورتحال کا سامنا کرنے کے قابل بناتا ہے۔
پی این ایس یمامہ کی صلاحیتوں میں ملٹی رول ہیلی کاپٹر کی مدد سے طویل سمندری آپریشنز سرانجام دینے کی بھرپور صلاحیت بھی شامل ہے۔
اس جہاز کی شمولیت سے پاک بحریہ کی سمندری سرحدوں کی حفاظت میں مزید بہتری آئے گی اور بحر ہند میں جاری پاکستان کے میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کی صلاحیت کو تقویت ملے گی۔
پاک بحریہ کی اس جدید جہاز کے ساتھ شمولیت سے نہ صرف ملکی بحری حدود اور وسائل کے تحفظ میں بہتری آئے گی، بلکہ پاکستان کی سمندری دفاعی صلاحیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔



















