اسلام آباد: ایف بی آر نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم میں ہیر پھیر میں ملوث درجنوں ایجنٹس کے لائسنس معطل کردیے گئے جب کہ 3 افراد کو گرفتار اور ایک اپریزنگ افسر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کراچی کسٹمز نے غیرقانونی سرگرمی میں ملوث 45 ایجنٹس کے لائسنس معطل کیے ہیں جب کہ لائسنس معطل کرکے شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر نے کہا کہ ملوث ایجنٹس، اپریزنگ افسر و دیگر افراد کے خلاف فوجداری مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، معاملے کی چھان بین کے لئے تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی۔
ترجمان نے بتایا کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں، فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم مؤثر کسٹمز کلیئرنس کررہا ہے۔
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ سسٹم کو کسٹمز کلیئرنس میدان میں انقلابی قدم قرار دیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے 2 ہفتے قبل فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا تھا۔



















