راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا جب کہ اس موقع پر شہداء کی نمازجنازہ میں شرکت کرکے زخمی ہونے والے سپاہیوں کی عیادت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو دورہ بلوچستان کے موقع پر سیکیورٹی صورت حال پر جامع بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بریفنگ میں سینئر عسکری اور انٹیلیجنس حکام بھی شریک ہوئے جب کہ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداء کی نمازجنازہ میں بھی شرکت۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف، گورنر اور وزیراعلیٰ بلوچستان نے سی ایم ایچ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی اور آرمی چیف نے ہر قیمت پر وطن عزیز کے دفاع کے لئے جوانوں کےعزم کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ آرمی چیف نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، فرنٹیئر کور اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر افسروں اور جوانوں کی بہادری اور عزم کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے بلوچستان کے عوام کی سلامتی اور بہبود کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا جب کہ آرمی چیف نے صوبائی حکومت کو امن، استحکام اور ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آرمی چیف کی دوست نما دشمن عناصر کو وارننگ
آرمی چیف نے کہا کہا غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار بن کر دہشت گردی کو ہوا دینے والے دوغلے عناصر سے آگاہ ہیں، شکار کے لیے شکاری کے ساتھ اور بچاؤ کے لیے شکار کے ساتھ چلنے والے ہمارے لیے کوئی اجنبی نہیں۔
جنرل عاصم منیر کہتے ہیں کہ دوست نما دشمن کچھ بھی کرلیں، انہیں عظیم قوم اور مسلح افواج کی استقامت کے ہاتھوں شکست ہوگی، انشاءاللہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ وطن اور عوام کے دفاع کے لیے ہم ہر قیمت پر جواب دیں گے اور جہاں بھی ضرورت پڑی تو دشمنوں کا پیچھا کر کے انہیں انجام تک پہنچایا جائے گا۔



















