وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اتحادواتفاق کے ساتھ دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے امن وامان سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرسوں قلات میں انتہائی اندوہناک واقعہ پیش آیا، 18 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، سیکیورٹی فورسز نے 23 خارجی جہنم واصل کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی لہردوبارہ آئی ہے، سیکیورٹی فورسز کے جوان خون کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ زخمیوں کی عیادت کی، ان کے حوصلے بلند ہیں، پوری قوم شہداء اور غازیوں سے اظہار یکجہتی کرتی ہے، زخمیوں نے کہا علاج معالجے کی اچھی سہولتیں ہیں، زخمیوں نے کہا اگر جسم کا کوئی عضو ناکارہ ہوا تو قومی فریضہ ہے، زخمی اہلکاروں نے کہا اگر جان بھی چلی جاتی تو فخر ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ بنے گا، ترقی وخوشحالی کے سفر کیلئے امن کا قیام ناگزیر ہے، یہ تفرقے اور سیاست کا وقت نہیں، اتحادواتفاق کے ساتھ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹنا ہے، پاکستان، بلوچستان، کےپی امن کا گہوارہ بنیں گے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے سفر کیلئے یہ لازم شرط ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سیاست کر لیں گے لیکن قوم پر بہت بڑا چیلنج ہے، اس چیلنج کا اتفاق اتحاد سے مقابلہ کر لیں تو پھر سیاست بھی ہو جائے گی، اس وقت پوری توانائی کیساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرناہے، ماضی کی فاش غلطیوں کی وجہ سے جوان خون دیکر ازالہ کررہے ہیں۔



















