Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک بحریہ کے زیر انتظام امن مشق اور پہلے امن ڈائیلاگ کی تفصیلات سامنے آگئیں

کراچی: ملٹی نیشنل میری ٹائم ایکسرسائز امن 2025 اور پہلے امن ڈائیلاگ کی تفصیلات سامنے آگئیں ہیں۔

ملٹی نیشنل میری ٹائم ایکسرسائز امن 2025 اور پہلے امن ڈائیلاگ کی میڈیا بریف کا کراچی میں انعقاد کیا گیا جس میں کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے امن مشق اور امن ڈائیلاگ کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بحریہ کے زیر انتظام کثیرالقومی بحری مشق امن کا نواں ایڈیشن اس سال 7 سے 11 فروری تک منعقد کیا جا رہا ہے جس میں 60 سے زائد ممالک اپنے بحری اور فضائی جہازوں، اسپیشل آپریشن فورسز/ میرینز کی ٹیموں اور مندوبین کے ساتھ امن مشق 2025 میں شرکت کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاربر فیز 7 سے 9 فروری تک منعقد ہوگا جس میں بحری امور سے متعلق سیمینارز، آپریشنل مظاہرے، بین الاقوامی ثقافتی اجتماعات اور کھیلوں کی سرگرمیاں شامل ہیں۔

کمانڈر پاکستان فلیٹ نے کہا کہ سی فیز کا انعقاد 10 سے 11 فروری تک ہوگا جس میں انسدادِ بحری قزاقی اور دہشت گردی کی مشقیں، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، لائیو فائرنگ اور بین الاقوامی فلیٹ ریویو شامل ہوں گیں۔

ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے یہ بھی بتایا کہ پاک بحریہ مشق امن 2025 کے ساتھ پہلی بار ’’امن ڈائیلاگ‘‘ کا آغاز بھی کررہی ہے جس میں دنیا بھر سے بحری افواج اور کوسٹ گارڈز  کے سربراہان شرکت کریں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ امن ڈائیلاگ عالمی بحری قیادت کو سمندری مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ امن مشق میں بڑھتی ہوئی عالمی شرکت عالمی میری ٹائم سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر بین الاقوامی برادری کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں