بیجنگ: پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری بیجنگ میں چین کے عظیم عوامی ہال پہنچے، جہاں چین کے صدر شی جن پنگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا جب کہ دونوں ممالک کے صدور نے اپنے اپنے وفد کا تعارف کرایا۔
چین کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر مملکت کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اس موقع پر پاکستان اور چین کے قومی ترانے بجائے گئے جب کہ چینی بچوں کے گروپ نے صدر آصف زرداری کو شاندار انداز میں خوش آمدید کیا۔
صدر آصف زرداری اور چین کے صدر شی جن پنگ تقریب میں موجود تھے، جہاں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
تجارت، صنعت اور اقتصادی شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جب کہ صحت، میڈیا اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔



















