آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کرکے 3 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے 6 اور 7 فروری کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر دتہ خیل میں کارروائی کی جس کے نتیجے میں3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تینوں خارجی دہشتگرد بزدلوں کی طرح برقعہ اوڑھ کر فرار ہو رہے تھے، ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے ہتھیار اور ایمونیشن برآمد ہوا، مارے جانے والے خارجی دہشتگرد علاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے کو مکمل طور پر خارجی دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔



















