چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز نے 117 روز کی ریکارڈ مدت میں قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے تشکر کا اظہار کیا۔
اجلاس میں بی او جی کے ممبران نے جدید سہولتوں سے آراستہ قذافی سٹیڈیم کی تکمیل پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے ناممکن کو ممکن بنا کر دکھایا اور تمام پراپیگنڈہ دم توڑ گیا۔
بورڈ آف گورنرز کے ممبران نے یہ بھی کہا کہ انتہائی قلیل مدت میں ایسا خوبصورت اسٹیڈیم صرف محنت سے بنا ہے، ہم خود بھی حیران رہ گئے ہیں اور یقین نہیں آرہا کہ اسٹیڈیم بن گیا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ یہ میرا انفرادی کام نہیں، پوری ٹیم کو کریڈٹ جاتا ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ ہماری مخلصانہ کاوشوں کو ثمر بار کیا۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ تنقید کی پرواہ نہیں کی اور اللہ تعالیٰ کے سہارے آگے بڑھے، میری پوری ٹیم خصوصاً ورکرز نے خواب کو حقیقت کا روپ دیا۔
اجلاس میں پی سی بی کے مختلف امور کی منظوری دیتے ہوئے بورڈ آف گورنرز کی گزشتہ میٹنگ کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ اجلاس کے اختتام پر انوار غنی نے خصوصی دعا کی۔
اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، بورڈ آف گورنرز کے ممبران ظہیر عباس، انوار غنی، دانیال گیلانی، طارق سرور، سجاد علی کھوکھر، ظفر اللہ اور دیگر نے شرکت کی۔



















