کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے تمام پارکنگ سائٹس مفت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے ایم سی کی پارکنگ سائٹس سے جلد کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کے ایم سی اب اپنے پیروں پر کھڑی ہے، اس کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے سے زائد موجود ہیں اور مزید کی توقع ہے کے ایم سی کو 4 سے 5 کروڑ روپے کی ضرورت نہیں۔
میئر کراچی نے کہا کہ نوٹیفیکشن جاری کرکے شہریوں پر پارکنگ فیس کا بوجھ ہٹا دیا جائے گا، اس کے علاوہ کے ایم سی کے نام پر غیر قانونی پیسے وصول کرنے والوں کے خلاف قانونی ایکشن لیا جائے گا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہر کی 106 مرکزی سڑکوں میں سے 46 پارکنگ سائٹس سے فیس وصول نہیں کی جائے گی، اگرچہ شہر کے 25 ٹاؤنز اور 6 کینٹونمنٹ بورڈز میں پارکنگ فیس برقرار رہے گی، تاہم کے ایم سی کی سائٹس پر مفت سہولت فراہم کی جائے گی۔
میئر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی مالی حالات مستحکم ہیں، عوام کو سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔



















