Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈ گورنمنٹس سمٹ؛ وزیر اعظم کا فلسطین کے حوالے سے دوٹوک موقف

دبئی: ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف کا فلسطین کے حوالے سے دوٹوک موقف سامنے آگیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ گورنمنٹس سمٹ سے خطاب کیا جس دوران سمٹ کے کامیاب انعقاد پر شیخ محمد بن زید النہیان کی قیادت کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے سمٹ سے خطاب میں کہا کہ سمٹ انسانیت کے بہترمستقبل کا مؤثر فورم ہے، سمٹ  کے انقعاد پر یو اے ای کی قیادت کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں ہورہا ہے جب غزہ المناک تنازع کے تباہ کن اثرات سے نکلنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہے

انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے، فلسطین میں 50 ہزار سے زائد معصوم جانیں ضائع ہوچکی ہیں جب کہ آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت القدس الشریف ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پائیدار اور منصفانہ امن صرف دو ریاستی حل کے ذریعے ممکن ہے، مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ممکن ہے، توقع ہے خطے میں پائیدار امن قائم ہوگا۔

7 دہائیوں میں پاکستانی قوم کو بے شمارچیلنجز کا سامنا رہا

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ 7 دہائیوں میں پاکستانی قوم کو بے شمارچیلنجز کا سامنا رہا، اڑان پاکستان قومی اقتصادی تبدیلی کا منصوبہ ہے۔ افراط زر کی شرح کم ہوکر 2.4 فیصد تک پہنچ چکی ہے جب کہ افراط زر کی شرح پچھلے 9 سال کی کم ترین سطح پر ہے۔

وزیراعظم کہتے ہیں کہ توانائی، انفرااسٹرکچر اور قومی اقتصادی ٹرانسفارمیشن کے جزو ہیں، پالیسی ریٹ 12 فیصد پر آگیا جو نجی شعبے کوسرمایہ کاری کے بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ چیلنجزکے باوجود معاشی استحکام لانے میں کامیاب ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ جوہری، ہوا، پانی اور شمسی توانائی کے منصوبوں کو فروغ دے رہے ہیں جب کہ پن بجلی منصوبوں سے مزید 13 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش میں اضافہ کریں گے۔ پاکستان کے جنوبی علاقے 50 ہزار میگاواٹ بجلی ہوا سے پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

2030 تک توانائی کا 60 فیصد گرین انرجی پر منتقل کرنے کا عزم

شہباز شریف نے کہا کہ 2030 تک توانائی کا 60 فیصد گرین انرجی اور 30 فیصد الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کرنے کا عزم ہے۔ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت، اسٹریٹجک محل وقوع سرمایہ کاری کے لیے بہترین ہے۔

وزیراعظم مزید کہتے ہیں کہ ملک میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں جب کہ پاکستان کی آبادی کا 70 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

متعلقہ خبریں