کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چئیرمین آفاق احمد کو ان کے گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق آفاق احمد کے خلاف کورنگی میں مال بردار گاڑیوں کو جلانے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
آفاق احمد کے خلاف جلاؤ گھیراؤ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اور انہیں کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق آفاق احمد کے اکسانے پر کراچی میں مال بردار گاڑیاں جلائی گئیں۔
یاد رہے آفاق احمد نے مطالبہ کیا تھا کہ شہر میں ٹریفک حادثات کے خلاف احتجاج پر گرفتار افراد کوفوری طور پر رہا کیا جائے۔
آفاق احمد نے کہا تھا کہ دن کے اوقات میں واٹر ٹینکرز، ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کو شہر میں چلنے سے روکا جائے، اس دوران چیئرمین ایم کیو ایم حقیقی نے عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ احتجاج ضرور کریں لیکن ٹرکوں کو آگ نہ لگائیں اور نہ ہی ڈارئیوز پر تشدد کریں.
مہاجر قومی موومنٹ کے سیکرٹری اطلاعات عامر صدیقی نے آفاق احمد کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کورنگی منتقل کیا جائے گا، ان کا کہنا تھا پولیس کی 10 موبائلوں نے آفاق احمد کے گھر کو گھیرے میں لیا، انہیں 8 بجے کےقریب گرفتار کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق آفاق احمد کے خلاف مقدمے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















