Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جدید زراعت میں صوبہ پنجاب اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا زرعی پاور ہاؤس بن گیا ہے، جدید زراعت میں صوبہ پنجاب اور یہاں کے کسانوں کا قائدانہ کردار قابل تحسین ہے۔

چولستان میں ’گرین پاکستان‘ منصوبے کا آغاز، کنڈائی اور شاپو کے علاقوں میں منصوبوں کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مختصر وقت میں پنجاب حکومت کے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کاوشوں اور حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت مختصر وقت میں یہ کامیابیاں حوصلہ افزا اور ترقی کی نوید ہیں، فوج ملک کی معاشی ترقی کے عمل میں بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان اور پنجاب میں آج جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے، جبکہ آج ان منصوبوں کا آغاز پنجاب کے کسانوں کی ترقی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ زراعت کی ترقی کسان کی ترقی اور پاکستان کی خوش حالی کی ضمانت ہے، گرین پاکستان جدید زراعت کے فروغ کا انقلاب ہے۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہداء کے بچوں اور زخمی ہونے والے غازیوں کو زمین کی الاٹمنٹ کے خطوط بھی دیئے۔

‘گرین ایگری مال اینڈ سروسز سروس کمپنی’ کسانوں کو ان کے گھر کے دروازے پر معیاری بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات رعایتی قیمت پر فراہم کرے گی، کسانوں کو ڈرونز سمیت زرعی مشینری رعایتی کرائے پر دستیاب ہو گی۔

ایک چھت تلے، ایک کمپنی کے ذریعے کسانوں کو زراعت سے متعلق تمام سہولت میسر ہوں گی۔

پانچ ہزار ایکڑ پر مشتمل جدید زرعی فارم کا بھی آغاز، فارم جدید زراعت کی مثال بنے گا، جدید زرعی طریقے اور آبپاشی کا جدید نظام استعمال کیا جائے گا۔

پانی کے کم استعمال اور لاگت سے زیادہ پیداوار حاصل ہوگی، زرعی تحقیق اور سہولت مرکز میں زراعت کے شعبے سے متعلق تمام اشیاء اور سہولیات دستیاب ہوں گی۔

زمین کی جانچ سمیت تحقیق سے متعلق لیبارٹری کی تمام خدمات بھی فراہم ہوں گی، یہ ادارہ زرعی تعلیم اور تحقیق کرنے والے ملک بھر کے تمام داروں کے ساتھ رابطے میں ہوگا۔

نیشنل فوڈ سیکیورٹی و تحقیق کے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک بھی تقریبات میں شریک ہوئے۔

پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت لائیو اینڈ اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی، وزیر آبپاشی محمد کاظم پیرزادہ کے علاوہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی سیکرٹری بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں