اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے عارف علوی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی بنیادی خصوصیت بے شرمی ہے، اس کی ایک واضح مثال عارف علوی ہیں، جو اس وقت بھی صدارت کی کرسی سے چمٹے رہے جب ان کی پارٹی قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کا ووٹ ہار گئی۔
انہوں نے کہا کہ عارف علوی مزید پانچ ماہ تک عہدے پر موجود رہے، یہاں تک کہ انتخابات منعقد ہوئے، جنہیں انہوں نے بدترین دھاندلی شدہ انتخابات قرار دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ حالانکہ یہ انتخابات ان ہی کی صدارت میں ہوئے۔ اس کے بعد بھی وہ ایک اور مہینہ عہدے سے چپکے رہے، جب تک کہ نئے صدارتی انتخابات مکمل نہیں ہو گئے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اگر USAID کے فنڈز واقعی غلط استعمال ہوئے تھے، تو انہوں نے انتخابات کے بعد بھی اس پر آواز نہیں اٹھائی، ان کے پاس دو سال کا وقت تھا کہ وہ عزت کے ساتھ مستعفی ہو جاتے، لیکن اس کے بجائے وہ بے شرمی کے ساتھ اقتدار سے چمٹے رہے۔



















