Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک میں برفباری، بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان، الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذریعے آج سے یکم مارچ تک متوقع موسم کی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

 نیا موسمی سلسلہ ملک کے شمالی اور مغربی علاقوں میں برفباری، گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا سبب بن سکتا ہے۔

ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، وسطی، جنوبی اور جنوب مشرقی پنجاب میں موسلا دھار بارشیں اور آندھی کے ساتھ برفباری یا ژالہ باری متوقع ہیں۔

موسلا دھار بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے مغربی، شمال مغربی اور شمالی علاقوں میں بھی بارش، آندھی، گرج چمک اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن سمیت بالائی اور مغربی پہاڑی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔

شمالی خیبرپختونخوا میں شدید بارشیں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتی ہیں۔

گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ان علاقوں میں سفری اور معمول کی سرگرمیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔

سندھ میں موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران بروقت رسپانس فراہم کریں۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سفر سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” کا استعمال کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

متعلقہ خبریں