چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں کبھی بھی اپنے عقیدہ، اسلاف اور معاشرتی اقدار کو نہیں بھولنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بہاولپور میں طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ پاک کا عطا کردہ ایک انمول تحفہ ہے جس کو اللّٰہ نے بہت سی نعمتوں سے نوازاہے، ملکی ترقی کے لیے ہم میں سے ہر کسی نے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے اور بلاوجہ تنقید کی بجائے اپنی توجہ خود کی کارکردگی اور فرائض پر مبذول رکھنی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ جب تک عظیم مائیں اپنے بچے پاکستان پر نچھاور کرتی رہیں گی، اور یہ قوم بالخصوص نوجوان اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے تو کوئی بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے ایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے جس کی پشت پناہی کچھ مخصوص عناصر کرتے ہیں، جب بھی ریاست ان پر ہاتھ ڈالتی ہے تو آپ کو ان کے جھوٹے بیانیوں کی آواز سنائی دیتی ہے۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے پاک فوج کے اقدامات کو بھی اجاگر کیا، طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے زور دیا کہ وہ لگن کے ساتھ تعلیمی عمل مکمل کریں اور قومی ترقی میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تعلیمی مہارتیں حاصل کریں۔
انہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل میں نوجوانوں کے اہم کردار کی بھی تعریف کی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری کے لیے فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔



















