Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رمضا ن المبارک میں پھلوں او رسبزیوں کی فراہمی اور نرح کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ رمضا ن المبارک میں پھلوں اور سبزیوں کی فراہمی اور نرح کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران مریم نواز نے صوبہ بھر میں مہنگائی کے سدباب کے لیے موثر اور جامع کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو گراں فروشی کے خلاف موثر مہم چلانے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کا حکم  دیتے ہوئے ضروری اشیائے خورد ونوش کی طلب ورسد کے امور کی کڑی مانیٹرنگ اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے کارروائی کی ہدایت کی۔

مریم نواز نے چیف سیکرٹری پنجاب کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مہم کی ذاتی نگرانی کرنے، نرخ کے بارے میں ڈیلی جامع رپورٹ پیش کرنے کے علاوہ اشیائے خوردو نوش کے نرح اور معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کاحکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈپٹی کمشنروں اور اسسٹنٹ کمشنروں کو روٹی اور آٹے کے نرخ پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت  دیتے ہوئے فوڈ اتھارٹی کو کھانے پینے کی اشیاء کا معیار یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کا حکم بھی دیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پھلوں او رسبزیوں کے نرخ بڑھانے والوں کے خلاف موثر قانونی کارروائی کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، تاجر برادری غریب عوام کا احساس کریں، پوری دنیا میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء کے نرخ کم کیے جاتے ہیں، ہمیں بھی رضا کارانہ طورپر نرخ کم کرنے چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ صوبہ بھر میں سہولت بازاروں میں مارکیٹ سے کم نرخ پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جائے، جبکہ ڈیش بورڈ پر روزانہ بار بار اشیاء خورد ونوش کے نرخ خود چیک کررہی ہوں۔

 مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے معاملے میں بلا امتیاز کارروائی کی جائے، جبکہ رمضان المبارک کے دوران گراں فروشی کے خلاف مہم میں کسی سطح پر کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں