اسلام آباد: ملتان اور جھنگ کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے وفد کی چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
ملتان اور جھنگ کی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے وفد نے چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی جس دوران مختلف مسائل اور خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ان کے خدشات کو سنجیدگی سے لیا۔
وفد نے پنجاب میں ہائی کورٹ اور بارز کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کے فقدان کے مسائل کو اجاگر کیا۔ اس پر چیف جسٹس نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹس خودمختار ادارے ہیں اور ان کے معاملات میں مداخلت کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ تاہم اس معاملے کو لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ زیر بحث لایا جاسکتا ہے۔
چیف جسٹس نے بار کونسلز کی قانون و انصاف کمیشن آف پاکستان میں نمائندگی پر بھی روشنی ڈالی اور وفد کو اس کے آئندہ اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ چیف جسٹس نے وفاقی عدالتی اکیڈمی کے تحت جاری تربیتی پروگراموں کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔ یہ پروگرام فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
وفد نے چیف جسٹس کو ایکسس ٹو جسٹس ڈویلپمنٹ فنڈ کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور چیف جسٹس نے بار ممبران کو اس فنڈ کے تحت معاونت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔
اس ملاقات کے دوران وفد نے چیف جسٹس کو ڈسٹرکٹ بارز کے دورے کی دعوت دی جس پر چیف جسٹس نے قانونی برادری کے ساتھ روابط کو اپنی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سب سے پہلے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کا دورہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ مناسب وقت پر وہ بار کا بھی دورہ کریں گے۔



















