پشاور: خیبرپختونخوا میں ایم پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آگئے ہیں۔
محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق ایم پاکس سے متاثر ہونے والوں میں ایک 42 سالہ شخص اور ایک 20 سالہ نوجوان شامل ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ دونوں مریضوں کا تعلق پشاور سے ہے جب کہ 20 سالہ نوجوان کا کیس مقامی ہے اور 42 سالہ متاثرہ شخص گذشتہ سال سعودی عرب سے آیا تھا۔
مشیر برائے صحت احتشام علی کا کہنا ہے کہ متاثر ہونے والے دونوں مریضوں کو گھر پر ہی آئیسولیٹ کیا گیا ہے۔
احتشام علی نے کہا کہ دونوں مریض خیبر ٹیچنگ اسپتال علاج کے لئے گئے تھے جہاں شک کی بنیاد پر ٹیسٹ کیے گئے اور آج دونوں مریضوں میں ایم پاکس کی تصدیق ہوئی۔
مشیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ دونوں متاثرہ مریضوں کے گھروں میں کسی بھی فرد میں علامات موجود نہیں، صوبے میں ایم پاکس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔



















