اسلام آباد: یوم خواتین کے موقع پر سینیٹ میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے قرارداد پیش کردی گئی۔
یوم خواتین کے موقع پر سینیٹ میں سینیٹر شیری رحمان نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی معاشی ترقی کے لیے قرارداد پیش کی ہے۔
اس قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ خواتین کو معاشی میدان میں برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں، کم عمری کی جبری شادیوں پر پابندی لگائی جائے اور خواتین کو ملازمتوں میں برابر کی تنخواہیں اور مواقعے دیے جائیں۔
قرارداد میں خواتین کو زراعت سے متعلق سہولتیں فراہم کرنے، ہنر کی تعلیم دینے اور کاروبار میں شمولیت کے لیے مخصوص سہولتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس کے علاوہ خواتین کو صحت کے فیصلوں میں خود مختاری دینے اور صنفی بنیاد پر تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسانی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ خواتین کو قانونی حقوق کی بروقت فراہمی، غیرت کے نام پر جرائم کے خلاف سخت کارروائی اور خواتین کی قیادت اور کاروبار میں شمولیت کے لیے اسکالرشپ اور رہنمائی پروگرام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے خواتین کے لیے محفوظ ٹرانسپورٹ، چائلڈ کیئر اور ڈیجیٹل وسائل کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا اور خواتین کھلاڑیوں کے لیے کھیلوں میں مساوی مواقع فراہم کرنے کی تجویز دی۔
شیری رحمان نے قرارداد میں مزید کہا کہ تمام شعبوں میں خواتین کی مکمل شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں جب کہ خواتین کے مقدمات میں پراسیکیوشن کی سست روی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔



















