وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ ہنر مند نوجوان پاکستان کا آج اور کل ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر ٹرینیور شپ ڈیپارٹمنٹ کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ نادر چٹھہ نے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسکل ڈویلپمنٹ کے تمام اداروں کو ایک ہی ڈیپارٹمنٹ کے ماتحت کر دیا گیا، جبکہ ٹی ای وی ٹی، پی ایس ڈی ایف اور پی وی ٹی سی سکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کریں گے، اس کے علاوہ سی ایم اسکلڈ پنجاب اینیشیٹو کے تحت 4 ہزار نوجوانوں کی انٹرنیشنل آئی ٹی سرٹیفکیشن مکمل ہوگئی ہے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن کورس کی تعداد 10ہزار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے ہاسپٹلٹی سیکٹر ٹریننگ کے لیے”مراکی“ پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ برطانوی ادارے سی ٹی ایچ کے اشتراک سے چھ ماہ کی فری ہاسپٹلٹی ٹریننگ کرائی جائے گی، جبکہ بڑے ہوٹلز میں ہاسپٹلٹی ٹریننگ حاصل کرنے والے نوجوانوں کی جاب پلیس منٹ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیہی خواتین کے لیے ”میں ڈیجیٹل“ پروگرام کے لیے 27ہزار درخواستیں موصول ہوئی، دیہی خواتین کو انگلش اور آئی ٹی ٹریننگ کے ساتھ فری ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر بھی دیا جائے گا، اپریل کے وسط میں اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ انٹر پرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ کا اینٹی گریٹڈ ڈیش بورڈ بھی فعال ہوجائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایک لاکھ ہنر مند نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کا ٹارگٹ دیتے ہوئے، ہنر مند افرادی قوت بیرون ملک بھیجنے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا۔
مریم نواز نے ہنر مند نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر کاروبار کارڈ اور کاروبارفنانس لون دینے کی ہدایت دیتے ہوئے نجی اشتراک سے دوردراز علاقوں کے نوجوانوں کے لیے اسکلز آن ویل پراجیکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹرانس جینڈر کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ کا پروگرام”پہچان“ جاری ہے، جس کے تحت 1600 ٹرانس جینڈر کو ٹریننگ دی گئی ہے۔
ٹیکسٹائل، میک اپ اور بیگ اسٹیج پروڈکشن ٹریننگ حاصل کرنے والے ٹرانس جینڈر کو 8ہزار روپے ماہانہ دیا جارہا ہے۔
دوران اجلاس ہنر مند کارڈ کے اجراء کی تجویز کا جائزہ بھی لیا گیا، اس کے علاوہ پنجاب میں پلگ اینڈ پلے کال سنٹرز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، جس میں آئی بی ای ایکس کے اشتراک سے پہلے فیز میں 5 ہزار نوجوانوں کو کال سینٹر ٹریننگ دی جائے گی، 6 ہفتے کی کال سنٹر ٹریننگ کے بعد نوجوان کم از کم ایک لاکھ روپے ماہانہ کی جاب حاصل کر سکیں گے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ گارمنٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ قائد اعظم بزنس پارک میں 480 خواتین کی ٹریننگ کرائی جائے گی، گارمنٹ ٹریننگ حاصل کرنے والی خواتین کو پک اینڈ ڈراپ اور ماہانہ 20ہزار روپے ملیں گے، جبکہ بڑے ٹیکسٹائل گروپس میں ٹریننگ حاصل کرنے والی طالبات کی جاب پلیس منٹ کی جائے گی۔
اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو ترقی کے سفر میں شامل کرنے کے لیے ٹریننگ اور جاب مارکیٹ مہیا کریں گے، ہنر مند نوجوانوں کا ہاتھ تھام کر ہی خوشحالی کے راستے پر چلنا ممکن ہوگا، جبکہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی ٹریننگ اور جاب پلیس منٹ کے لیے اینڈ ٹو اینڈسپورٹ کرے گی۔



















