اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جوانوں کی مہارت اور سپہ سالار کی قیادت سے بغیر نقصان آپریشن مکمل ہوا۔
وزیراعظم نے جعفر ایکسپریس آپریشن مکمل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جعفر ایکسپریس آپریشن بغیر کسی بڑے نقصان کے ممکن ہوا، آپریشن انتہائی مہارت کےساتھ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر جوانوں اور افسروں نے بہادری، دلیری کا مظاہرہ کیا، 33دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں، مسافروں کی شہادت پر رنج والم کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبرو استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ شہریوں کی جان ومال کو نقصان پہنچانے والوں کا ملک سے تعلق نہیں، شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو ہر محاذ پر شکست دینے کیلئے پُرعزم ہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر آج بلوچستان کا دورہ کریں گے اور اس وران امن وامان کی صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔



















