وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کو190ملین پاؤنڈکی خطیررقم سےبنایاجارہاہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی آف ایمرجنگ سائنسز کےسائٹ ریویوکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 100 ایکڑ رقبہ دانش یونیورسٹی کے لیے مختص کردیاگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگلےسال 14 اگست کودانش یونیورسٹی کےپہلےسیشن کاآغاز ہوگا، دانش یونیورسٹی میں صرف میرٹ پرداخلہ دیاجائیگا، صاحب حیثیت یونیورسٹی کی فیس اداکریں گے، مستحق طلبہ کی فیس حکومت اداکرےگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم کےمواقعوں کی یکساں فراہمی اولین ترجیح ہے، کبھی امداد نے قوموں کو توانا نہیں کیا، صرف محنت نےکیا ہے، دانش یونیورسٹی میں ہونہارطلبہ زیورتعلیم سے آراستہ ہوں گے۔
وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ دانش یونیورسٹی ممتاز تعلیمی اداروں کےہم پلہ ہوگی، یونیورسٹی میں عالمی معیارکے اساتذہ درس وتدریس کےفرائض انجام دیں گےدانش درسگاہ پاکستان سمیت دنیابھرمیں اپنامقام حاصل کرےگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی کامرکزی نکتہ اپلائیڈ سائنسز ہیں، یونیورسٹی میں بہترین تعلیم، اساتذہ،ریسرچ اینڈڈیولپمنٹ سینٹرہوں گے، دانش یونیورسٹی پاکستان سمیت دنیابھر میں اپنامقام حاصل کرےگی۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ تحقیق اورماڈرن سائنسزکےحوالےپاکستان میں ایسی درسگاہ موجود نہیں، آج ہم سب کےلیے انتہائی خوشی کا موقع ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سابق چیف جسٹس فائزعیسیٰ نےکہا اس پیسے سےہماراکوئی تعلق نہیں ہے، سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کاشکرگزار ہوں، انہوں نےکہا علم نہیں یہ پیسہ سپریم کورٹ کےاکاؤنٹ میں کیسے آگیا۔
وزیراعظم نے مزید یہ بھی کہا کہ سابق چیف جسٹس نےکہایہ حکومت کا پیسہ ہے، رقم قومی خزانےمیں منتقل کرنےپرچیف جسٹس یحییٰ آفریدی کاشکرگزارہوں۔



















